نئی دہلی، 2؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) 26 جنوری کو دہلی کے لال قلعہ میں ہوئی ہنگامہ آرائی کے دوران ایک شخص نے مبینہ طور پر سی آئی ایس ایف جوانوں پر تلوار سے حملہ کیا تھا۔ پولس نے اس تعلق سے آکاش پریت سنگھ نامی شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس معاملے میں پہلے ہی 28 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور 44 ایف آئی آر بھی درج کی جاچکی ہیں۔
میڈیا ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق آکاش پریت سنگھ پر لال قلعہ کے اندر سی آئی ایس ایف جوانوں پر تلوار سے حملہ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ کرائم برانچ کے مطابق آکاش کی گرفتاری کے لیے دہلی اور پنجاب میں چھاپہ ماری کی گئی جس کے بعد نارتھ دہلی سے اس کی گرفتاری عمل میں آئی۔ دہلی پولس کی کرائم برانچ کے ایڈیشنل کمشنر بی کے سنگھ کا کہنا ہے کہ آکاش کے خلاف ثبوت ملے ہیں جس کی بنیاد پر اس کی گرفتاری کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 26 جنوری کو دہلی میں زرعی قوانین کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے کسانوں نے ٹریکٹر پریڈ نکالی تھی۔ دہلی میں نکلی ٹریکٹر پریڈ کے دوران کئی مقامات پر پولس اور مظاہرین کے درمیان تصادم کی حالت پیدا ہو گئی تھی۔ مبینہ طور پر کسان مظاہرین کا ایک گروپ لال قلع میں بھی داخل ہو گیا تھا اور وہاں توڑ پھوڑ ہوئی تھی۔ مظاہرین کے ذریعہ لال قلع میں سیکورٹی گارڈ پر حملے کی خبریں بھی سامنے آ چکی ہیں۔